Saturday, 21 February 2026

مقتدی کے لوٹنے کو مقتدا ہو جائیے

 مقتدی کے لوٹنے کو مقتدا ہو جائیے

رہزنی کرنا اگر ہو رہنما ہو جائیے

شیر کا جب سامنا ہو لومڑی بن جائیے

لومڑی کے سامنے خود بھیڑیا ہو جائیے

رنگ و روپ اپنا بدلتے رہیے پولیٹکس میں

لیڈری کرنا ہو گر بہروپیا ہو جائیے

پیچھے رہیے سب سے قربانی کا موقع آئے جب

جب بٹیں عہدے اچک کر پیشوا ہو جائیے

رخ ہوا کا ہو موافق، باندھیے اپنی ہوا

جب ہوا اکھڑے تو گلشن سے ہوا ہو جائیے

وضع سادھو کی بنا کر زن پرستی کیجیے

دیویوں کو پوجیے اور دیوتا ہو جائیے

جب گناہوں کی سکت ہی کچھ نہ پیری میں رہی

بہتر اب ہے مان پوری پارسا ہو جائیے


انجم مانپوری

نور محمد

No comments:

Post a Comment