عیسیٰ ہو مریضوں پہ ہے احسان تمہارا
مرتا ہوں نہیں میری طرف دھیان تمہارا
جو مجھ کو ستاتی ہے وہ ہے یاد تمہاری
جو دل سے نہ جاتا ہے وہ ارمان تمہارا
دل چھین لیے جاتے ہو، لے جاؤ دعا بھی
اچھے رہو اللہ ہو نگہبان تمہارا
خوش ہوں مِرے کاشانۂ خاشاک میں خوش ہوں
آباد و سلامت رہے ایوان تمہارا
آنکھو نہ کرو بہرِ خدا اشک فشانی
دنیا کو ڈبو دے گا یہ طوفان تمہارا
لو اپنی خبر کیا تمہیں اوروں کی پڑی ہے
دیکھو کہ ہے صد چاک گریبان تمہارا
صہبا سے لگاؤ ہے، محبت ہے بُتوں سے
برتر ہو مسلمان یہ ایمان تمہارا
برتر مدراسی
محمد عبدالمناف برتر
No comments:
Post a Comment