Friday, 12 July 2024

پائے حسین عرش کا سرتاج ہو گیا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


بولا یہ ہاتھ جوڑ کے دستِ خدا کا لالؑ

حضرتؐ کو برقرار رکھے رب ذوالجلال

پوشاک یہ پہن کے تو ہم خوش ہوئے کمال

ناقہ نہیں کہ جس پہ چڑھیں اب ہے یہ ملال

عزت میں ہیں بزرگ، شرف میں زیادہ ہیں

لڑکے تو سب سوار ہیں، اور ہم پیادہ ہیں

پیدل تو عید گاہ میں جانا ہے ننگ و عار

ہم کو بھی آج اونٹ منگا دو تو ہوں سوار

کہنے لگے حسینؑ سے محبوبِ کردگارؐ

معلوم اب ہُوا یہی غصہ تھا، میں نثار

ہاں آپ رُوٹھتے ہیں تو مُشکل سے منتے ہیں

اچھا سوار ہو جیے ہم اونٹ بنتے ہیں

فرما کے یہ کمر میں رکھا دامنِ قبا

رکھ کر زمین پہ ہاتھ، بنے اونٹ مصطفیٰؐ

جیب قبا میں رکھ کے قدم کو وہ ماہ لقا

پشتِ جنابِ سید لولاکﷺ پر چڑھا

پائے حسینؑ عرش کا سرتاج ہو گیا

وہ روز عید کا شبِ معراج ہو گیا


میر انیس

No comments:

Post a Comment