Saturday, 13 July 2024

کیسے لکھے گا کوئی کہانی فرات کی

 عدنان مجھ سے وقت نے جب کُھل کے بات کی

مجھ پر تمام گِرہیں کُھلیں کائنات کی

ترتیب دے رہا ہوں میں رستوں کے پیچ و خَم

آئینہ ہو رہی ہے روِش شش جہات کی

بینائی جانتی ہے کہ آنکھوں کی ڈور سے

لمبائی ماپتے ہیں مِرے خواب، رات کی

ہم دکھ کی گھاٹیوں سے نِکل آئے تھے مگر

سرحد نہ پار ہو سکی ہم سے حیات کی

کون و مکان کم ہیں مِرے دل کے سامنے

تفصیل پوچھتے ہو مِری خواہشات کی

ہم جستجو کے سائے میں چلتے رہیں یونہی

گُتّھی سُلجھ نہ پائے حیات و ممات کی

یک دم دھڑکنا بھول گیا اس کو دیکھ کر

آنکھوں نے دل کے ساتھ عجب واردات کی

اس بار اپنے عکس کو تجسیم کر لِیا

اس بار آئینے سے ذرا کُھل کے بات کی

ہر موج زخم زخم ہے عدنان پیاس میں

کیسے لکھے گا کوئی کہانی فرات کی


عدنان منور

No comments:

Post a Comment