Wednesday, 10 December 2014

کریں ہجرت تو خاک شہر بھی جزدان میں رکھ لیں

کریں ہجرت تو خاکِ شہر بھی جزدان میں رکھ لیں
چلیں گھر سے تو گھر کی یاد بھی سامان میں رکھ لیں
ہمارا کیا کہ گل کو نوچ کر تکریم بھی دے دیں
صحیفے میں سجا دیں یا کسی گلدان میں رکھ لیں
زیانِ دل ہی اس بازار میں سُودِ محبت ہے
یہاں ہے فائدہ خود کو اگر نقصان میں رکھ لیں
بہت ترسی ہے دنیا تیرے حشرِ رونمائی کو
 بتا اب یہ طلب ہم اور کس امکان میں رکھ لیں
ہمارا کفر یہ ہے حرف آتا ہے جہاں تجھ پر
ہمیں تو ہیں جو تیری آبرو ایمان میں رکھ لیں
اماں کی ایک ہی صورت ہے اب اس بے یقینی میں
پرندِ غار! ہم بھی جان تیری جان میں رکھ لیں
ڈھلے جب تک نہ شب ہم کاڑھ کر اک شمع کی لو سے
طلوعِ صبح کا منظر نہ روشندان میں رکھ لیں

اقبال کوثر

No comments:

Post a Comment