Tuesday, 20 July 2021

سحر کو کھوج چراغوں پہ انحصار نہ کر

 سحر کو کھوج چراغوں پہ انحصار نہ کر

ہوا سے دوستی رکھ اس کا اعتبار نہ کر

یقین کر او محبت! یہی مناسب ہے

زیادہ دن مِری صحبت کو اختیار نہ کر

یہ کوئی رشتہ نہیں ہے، فقط ندامت ہے

تُو مجھ سے عمر میں کم ہے سو مجھ سے پیار نہ کر

مجھے پتہ ہے کہ برباد ہو چکا ہوں میں

تُو میرا سوگ منا مجھ کو سوگوار نہ کر

ہے کون کون مِرے ساتھ اس مصیبت میں

میں اپنے ساتھ نہیں ہوں مجھے شمار نہ کر

میں خاک خود تجھے لبیک کہنے والوں میں

مجھے بلاوہ نہ دے میرا انتظار نہ کر


انجم سلیمی

No comments:

Post a Comment