Tuesday, 20 July 2021

رفاقت میں رفیقوں کی ریا کاری بھی شامل ہے

 رفاقت میں رفیقوں کی ریا کاری بھی شامل ہے

مِری آسانیوں میں کارِ دُشواری بھی شامل ہے

بجز تصویر گل کے باغ میں دیکھوں تو کیا دیکھوں

عقیدت کے اثر میں خود سے بیزاری بھی شامل ہے

کبھی وہ خوں بہاتا ہے، کبھی آنسو بہاتا ہے

عداوت کی ادا میں طرزِ غمخواری بھی شامل ہے

سمجھنے سوچنے سے ہی نہیں ملتی مجھے فرصت

مِری مصروفیت میں شغل بے کاری بھی شامل ہے

گداؤں کو ترستے ہیں سبھی جاہ و حشم والے

امیری کی عطا میں لطف ناداری بھی شامل ہے

نہ جیتا ہے نہ مرتا ہے عجب انسان ہے راحت

نئی بیماریوں میں اب یہ بیماری بھی شامل ہے


راحت حسن

No comments:

Post a Comment