Sunday, 4 July 2021

مجھے شاعری سکھاؤ گے تم اچھے شاعر ہو

 مجھے شاعری سکھاؤ گے؟

تم اچھے شاعر ہو

تمہارے شعروں میں مجھے اپنے لیے محبت نظر آتی ہے

میں چاہتی ہوں میں بھی شعر کہوں اور تم پڑھو اور مسکراؤ 

بالکل ایسے ہی جیسے میں تمہارے شعر پڑھ کے مسکراتی ہوں

لیکن مجھے نہیں پتہ شعر کیسے لکھے جاتے ہیں

مرزا غالب مجھے بہت پسند ہیں

پسند تو تم بھی ہو

ہاں تم زیادہ پسند ہو کیونکہ تم میرے لیے لکھتے ہو

وہ غزل کتنی پیاری ہے ناں جو تم نے مجھ سے باتیں کرتے کرتے لکھ ڈالی تھی 

اور میں نے خوشی سے تمہارے ہاتھ چُوم لیے تھے

ویسے ہی میں بھی لکھنا چاہتی ہوں 

اور تم پر بھی یہی کیفیت طاری ہوتے دیکھنا چاہتی ہوں

سکھاؤ گے نا مجھے شاعری؟

ارے میں اتنا کچھ کہہ گئی ہوں 

اور تم ہو کہ بس مسکرائے جا رہے ہو

حیدر

سُن رہے ہو ناں؟

(میں سوچ رہا ہوں کتنا پیارا بولتی ہے)


وسیم حیدر جعفری

No comments:

Post a Comment