Saturday, 3 July 2021

رہ عشق میں زندگانی لٹا دی

رہ عشق میں زندگانی لٹا دی

ملی جاودانی تو فانی لٹا دی

وہ تھی خواہ باقی کہ فانی لٹا دی

تِرے نام پر زندگانی لٹا دی

محبت کی اک نا مرادی کی خاطر

زمانے کی ہر شادمانی لٹا دی

دل زار نے تیرے جلوؤں کے آگے

توانائی و ناتوانی لٹا دی

خودی جس میں بستی وہ بستی تو دل نے

بہ تقریب یک لن ترانی لٹا دی

بتائی بہت قدر عزت کی ہم نے

مگر ایک دل نے نہ مانی لٹا دی

مِرا جرم کیا ہے کہ برہم ہیں ناصح

لٹانے کی شے تھی جوانی لٹا دی

گیا زیست کے ساتھ داغ الم بھی

خجل ہوں کہ ان کی نشانی لٹا دی

مگر حال دل شعر میں ان سے کہہ لوں

طبیعت کی ساری روانی لٹا دی

بہ فرمائش یار دمساز میں نے

رشید آج جادو بیانی لٹا دی


رشید شاہجہانپوری

No comments:

Post a Comment