Wednesday, 4 January 2017

بلا اپنے لیے دانستہ ناداں مول لیتے ہیں

بلا اپنے لیے دانستہ ناداں مول لیتے ہیں
عبث جی بیچ کر الفت کو انساں مول لیتے ہیں
نہ پوچھ احوال بے درد اپنے بیمارِ محبت کا
زمیں اس کیلئے اب تو عزیزاں مول لیتے ہیں
میں اس گلشن کا بلبل ہوں، بہار آنے نہیں پاتی
کہ صیاد آن کر میرا گلستاں مول لیتے ہیں
مگر جانا نہیں شاید کہ یاں سے اہلِ عالم کو
یہ دو دن کیلئے کیا قصر و ایواں مول لیتے ہیں
کیا گو نقش پائے مور ہم کو خاکساری نے
جو اب بھی چاہیں تو تختِ سلیماں مول لیتے ہیں
عزیزِ خلق اتنا تو کیا ہے مجھ کو داغوں نے
کہ مردمِ جان کر سروِ چراغاں مول لیتے ہیں
ہمارا شعر ہر اک عالمِ تصویر رکھتا ہے
مرقع جان کر ذی فہم دیواں مول لیتے ہیں
تِرے ابرو کے سودائی نہایت تنگ ہیں قاتل
گلے کے کاٹنے کو، تیغِ عریاں مول لیتے ہیں
یہ آتؔش نالۂ عشاق معشوقوں کو بھایا ہے
کہ صیادوں سے مرغانِ خوش الحاں مول لیتے ہیں

حیدر علی آتش

No comments:

Post a Comment