Monday, 18 May 2026

خواب تلاشی یہ عکس کیا ہے کہاں سے آیا ہے

 خواب تلاشی


وہ میری آنکھوں میں

بھاری جُوتوں سمیت آ کر

یہ پُوچھتے ہیں

یہ عکس کیا ہے

کہاں سے آیا ہے

کیسے منظر سے

کِن دریچوں سے

کِن عناصر کی روشنی سے وجود پا کر

تمہاری آنکھوں میں آ بسا ہے

یہ کیسے آنسو ہیں

ان کے ہونے کا راز

دُکھ یا خُوشی ہے کوئی

خُوشی کا آخر کو نام کیا ہے

دُکھوں کی نسلی شناخت کیا ہے

یہ خُواب کیوں ہیں

کہاں ہے ان کا جواز نامہ

یہ کِن دُعاؤں کا

کیسے اِسموں کا

کیسے ہونٹوں کے نرم بوسوں کا حوصلہ ہیں

مہین پردوں میں

کِن کے چہرے ہیں

نقش کیسے ہیں

اور جسموں کے نظریاتی خطوط کیا ہیں

سبھی بتاؤ

وہ میری آنکھوں میں

بھاری جوتوں سمیت آ کر 

یہ پُوچھتے ہیں

کہ کون ہوں میں؟


سلیم حسنی

No comments:

Post a Comment