Sunday, 8 March 2026

چھین کر مجھ سے مری جان مرے دل کا قرار

 فریب


چھین کر مجھ سے مِری جان مِرے دل کا قرار

تُو نے گُل کر ہی دئیے میری امیدوں کے چراغ

تُو نے کیوں گھول دیا زہر مِری رگ رگ میں

تُو نے کیوں توڑ دئیے میری محبت کے ایاغ


مجھ کو معلوم تھا قاتل ہے تُو ارمانوں کی

دل مجروح کے ارمانوں سے تُو کھیلے گی

دل نہیں ہے تِرے سینے میں کوئی پتھر ہے

دل سے اٹھتے ہوئے طوفانوں سے تُو کھیلے گی


تُو نے کیا خوب دیا مجھ کو محبت کا صلہ

عمر بھر میں نہیں بھولوں گا محبت تیری

اپنے اس چاہنے والے کو دیا تُو نے فریب

جس نے کی تھی سحر و شام عبادت تیری


رنج و غم مجھ کو عطا کر کے زمانے بھر کے

میری رنگین بہاروں کو اجاڑا تُو نے

بے وفائی تِری فطرت ہے ہوا اب معلوم

تیر فرقت کا مِرے سینے میں گاڑا تُو نے


پرواز نورپوری

No comments:

Post a Comment