Wednesday, 1 January 2014

وادی عشق سے کوئی نہیں آیا جا کر

وادئ عشق سے کوئی نہیں آیا جا کر
آؤ آوازہ لگائیں سرِ صحرا جا کر
بزمِ جاناں میں تو سب اہلِ طلب جاتے ہیں
کبھی مقتل میں بھی دکھلائیں تماشا جا کر
کن زمینوں پہ مِری خاک لہو روئے گی
کس سمندر میں گریں گے مِرے دریا جا کر
ایک موہوم سی اُمید ہے تجھ سے، ورنہ
آج تک آیا نہیں کوئی مسیحا جا کر
دیکھ یہ حوصلہ میرا، مِرے بُزدل دشمن
تجھ کو لشکر میں پکارا تنِ تنہا جا کر
اُس شہِ حُسن کے در پر ہے فقیروں کا ہجوم
یار ہم بھی نہ کریں عرضِ تمنا جا کر
ہم تجھے منع تو کرتے نہیں جانے سے فرازؔ
جا اُسی در پہ، مگر ہاتھ نہ پھیلا جا کر

احمد فراز

No comments:

Post a Comment