Friday, 16 December 2016

اک شہر غریباں میں فقیروں کی طرح تھے

اک شہرِ غریباں میں فقیروں کی طرح تھے
وہ لوگ جو توقیر میں شاہوں کی طرح تھے
جن لوگوں کو ہم دشمنِ جاں کہتے رہے ہیں
وہ لوگ بھی اپنے ہی عزیزوں کی طرح تھے
وہ یادیں جو مجھ کو مِری ہستی کا نشاں تھیں
وہ خواب جو مجھ کو مِری آنکھوں کی طرح تھے
کہنے کو تو یہ سال بھی اب بِیت گیا ہے
اس سال میں دن رات مہینوں کی طرح تھے
اس لہجے کی خوشبو سے بسا رہتا تھا آنگن
وہ بولے تو پھر لفظ بھی پھولوں کی طرح تھے
اس رات ستاروں کی بھی آنکھوں میں نمی تھی
اس رات تو آنسو بھی چراغوں کی طرح تھے

کلیم احسان بٹ

No comments:

Post a Comment