Sunday, 4 December 2016

جہاں تلک بھی یہ صحرا دکھائی دیتا ہے

جہاں تلک بھی یہ صحرا دکھائی دیتا ہے
مِری طرح سے اکیلا دکھائی دیتا ہے
نہ اتنی تیز چلے، سر پھری ہوا سے کہو
شجر پہ ایک ہی پتا دکھائی دیتا ہے
برا نہ مانیے لوگوں کی عیب جوئی کا 
انہیں تو دن کا بھی سایہ دکھائی دیتا ہے
یہ ایک ابر کا ٹکڑا کہاں کہاں برسے
تمام دشت ہی پیاسا دکھائی دیتا ہے
وہیں پہنچ کے گرائیں گے بادباں اب تو
وہ دور کوئی جزیرا دکھائی دیتا ہے
وہ الوداع کا منظر، وہ بھیگتی پلکیں 
پس غبار بھی کیا کیا دکھائی دیتا ہے
مِری نگاہ سے چھپ کرکہاں رہے گا کوئی
کہ اب تو سنگ بھی شیشہ دکھائی دیتا ہے
سمٹ کے رہ گئے آخر پہاڑ سے قد بھی
زمیں سے ہر کوئی اونچا دکھائی دیتا ہے
کھلی ہے دل میں کسی کے بدن کی دھوپ شکیب
ہر ایک پھول سنہرا دکھائی دیتا ہے

شکیب جلالی

No comments:

Post a Comment