Friday, 16 December 2016

کب وہ چونکے جو شراب عشق سے مستانہ ہے

 کب وہ چونکے جو شرابِ عشق سے مستانہ ہے​

شورِ محشر اس کو بہرِ خواب اِک افسانہ ہے​

پھر سرِ شوریدہ پُر جوشِ جنوں دیوانہ ہے​

پھر دلِ تفسیدہ پر برقِ بلا پروانہ ہے​

خوب ہی چلتی ہوئی وہ نرگسِ مستانہ ہے​

آشنا سے آشنا، بے گانے سے بیگانہ ہے

​آتے جاتے ہیں نئے ہر روز مرغِ نامہ بر​

بندہ پرور آپ کا گھر بھی کبوتر خانہ ہے​

فاتحہ پڑھنے کو آیا تھا مگر وہ شمع رُو​

آج میری قبر کا جو پھول ہے پروانہ ہے​

درد سے بھرتے ہیں آنسو ضبط سے پیتے ہیں ہم​

آنکھ کی ہے آنکھ یہ پیمانے کا پیمانہ ہے​

پائے ساقی پر گرایا جب گرایا ہے مجھے ​

چال سے خالی کہاں یہ لغزشِ مستانہ ہے​

کوہ کن کا تھا یہی پیشہ جو کاٹا تھا پہاڑ​

کم مشکل جاں کنی اے ہمتِ مردانہ ہے​

جب پڑا ہے وقت کوئی، ہو گئے ہیں سب الگ​

دوست بھی اپنا نہیں، بے گانہ تو بیگانہ ہے​

اس کے در پر جا کے ہوتا ہے گدا کو بھی یہ ناز​

لوگ کہتے ہیں مزاج اس شخص کا شاہانہ ہے​

مجھ کو لے جا کر کہا ناصح نے ان کے روبرو​

آپ کے سر کی قسم یہ آپ کا دیوانہ ہے​

اس کو دیوانہ بنا لوں تو کروں جھک کر سلام​

میں تو بھولا ہوں مگر دشمن بڑا فرزانہ ہے​

ہم نے دیکھا ہی نہیں خالی نحوست سے کوئی​

زاہدوں کو مبارک سبحۂ صد دانہ ہے​

داغ یہ ہے کوئے قاتل، مان ناداں ضد نہ کر​

اٹھ یہاں سے ادھر، گھر بیٹھ، کچھ دیوانہ ہے​

داغ دہلوی

No comments:

Post a Comment