Saturday, 9 January 2021

بہت دشوار ہے اب آئینے سے گفتگو کرنا

 بہت دشوار ہے اب آئینے سے گفتگو کرنا 

سزا سے کم نہیں ہے خود کو اپنے روبرو کرنا 

عجب سیمابیت ہے ان دنوں اپنی طبیعت میں 

کہ جس نے بات کی ہنس کر اسی کی آرزو کرنا 

عبادت کے لیے تطہیر دل کی بھی ضرورت ہے 

وضو کے بعد پھر اشک ندامت سے وضو کرنا 

یہ وصف خاص ہے کچھ آپ سے باوصف لوگوں کا 

ہمیں آتا نہیں ہے آپ کو لمحے میں تُو کرنا 

تِری فطرت میں یوں مثبت اشارے ڈھونڈتا ہوں میں 

کسی صحرا کو جیسے چاہتا ہوں آب جُو کرنا 


راغب اختر

No comments:

Post a Comment