عارفانہ کلام نعتیہ کلام
بلا لو سرکارﷺ اپنے در پر، درود تم پر، سلام تم پر
کرم ہو مجھ پر بھی بندہ پرور، درود تم پر، سلام تم پر
تمہیںؐ ہو شمعِ حریمِ داور، درود تم پر، سلام تم پر
ہیں تم سے دو جہاں منور، درود تم پر، سلام تم پر
دہن ہے سر چشمۂ صداقت، زباں ہے گنجینۂ فصاحت
لبوں پر قربان موجِ کوثر، درود تم پر، سلام تم پر
گزر ہو گیا جانبِ مدینہ تو میری جانب سے با قرینہ
یہ عرض کرنا صبا مکرر، درود تم پر، سلام تم پر
پھر اور اب کس کے در پہ جائیں کسے غمِ زندگی سنائیں
تمہیں ہو جب بےکسوں کے یاور، درود تم پر، سلام تم پر
راہِ ہدیٰ سے ہٹائے گا کیا، زمانہ اس کو مٹائے گا کیا
تمہاری سِیرت ہو چکی رہبر، درود تم پر، سلام تم پر
کبھی تو آئے گا وہ زمانہ، کبھی تو ہو گا مدینہ جانا
پڑھوں گا روضہ پر سر جھُکا کر، درود تم پر، سلام تم پر
جو قبر سے اُٹھوں روزِ محشر یہی ہو نغمہ حیات لب پر
شفیعِ محشرﷺ قسیمِ کوثرﷺ درود تم پر، سلام تم پر
حیات وارثی
No comments:
Post a Comment