Saturday, 7 March 2026

کوئی سیلاب ہی آنکھوں کا مقدر کر دے

 کوئی سیلاب ہی آنکھوں کا مقدر کر دے

اب مِرے سینے کے صحرا کو سمندر کر دے

پھر عطا کر اسے مہکے ہوئے زخموں کے گلاب

پھر یہ شاخِ دلِ افسردہ معطر کر دے

کب تلک دیکھیں گی بے جان مناظر آنکھیں

زندگی بخش انہیں یا انہیں پتھر کر دے

وہ اندھیرا ہے کہ گم ہیں در و دیوار مِرے

کوئی جگنو اس گھر کو منور کر دے

لذتِ زخم جو دی ہے تو یہ احسان بھی کر

دولتِ درد سے اس دل کو تونگر کر دے

مِرا ظاہر ہی مِری اصل کی پہچان بنے

مِرا باطن مِرے چہرے پہ اجاگر کر دے

اپنے سینے میں زمانے کا اندھیرا بھر لوں

حوصلہ دے مجھے، خورشید کا پیکر کر دے

اپنی پلکوں سے اجالوں کے صحیفے لکھوں

تُو مجھے شہرِ شبِ غم کا پیمبر کر دے

میرے زخموں کا صحیفہ، مِرا دیوانِ غزل

لبِ رحمت سے اسے چھو کے مصور کر دے


پیر اکرم

No comments:

Post a Comment