Sunday, 30 August 2026

لالے پڑے ہیں جان کے جینے کا اہتمام کر

 لالے پڑے ہیں جان کے جینے کا اہتمام کر

جن میں ہو کیفِ زندگی بہرِ خدا وہ کام کر

طورِ حیات سے اُڑا جذبۂ زیستن کی آگ

جب کہیں جا کے نیّتِ زندگی دوام کر

پہلے یہ سوچ دام کے توڑنے کی سکت بھی ہے

بعد کو دل میں خواہشِ دانۂ زیرِ دام کر

تجھ کو تِری ہی آنکھ سے دیکھ رہی ہے کائنات

بات یہ راز کی نہیں اپنا خود احترام کر

حیف سمجھ رہا ہے تو اپنی جھجک کو محتسب

مے کدۂ حیات میں شوق سے مے بجام کر

نقشِ نوی نہیں ہے تو صفحۂ روزگار پر

مِٹنے سے گر نہیں مفر مِٹ ہی کے اپنا نام کر

بندۂ خواہشات کو کہتا ہے کون عبدِ حُر

چاہیے حرّیت اگر دل کو امیں غلام کر


امین حزیں

No comments:

Post a Comment