Friday, 14 August 2026

نم آنکھوں میں کیا کر لے گا غصہ دیکھیں گے

 نم آنکھوں میں کیا کر لے گا غصہ دیکھیں گے

اوس کے اوپر چنگاری کا لہجہ دیکھیں گے

شیشے کے بازار سے لے آئیں گے کچھ چہرے

وہی پہن کر ہم گھر کا بھی شیشہ دیکھیں گے

کتنی دور تلک جائے گی ضبط کی یہ کشتی

کتنا گہرا ہے اس درد کا دریا دیکھیں گے

دریا کے پیچھے پیچھے ہم صحرا تک آئے

کس منزل کو لے جائے اب صحرا دیکھیں گے

روٹھنے والی خط پڑھ کر فوراً ہی لوٹ آئیں

ہم نے لکھا تھا سیل لگی ہے کپڑا دیکھیں گے

کچھ دن میں دل کا کھو جانا بالکل ممکن ہے

کہتا ہے ہم بڑے ہوئے اب دنیا دیکھیں گے


وجے شرما عرش

No comments:

Post a Comment