Tuesday, 18 August 2026

جو طے نہیں ہے وہی شدہ لگے ہے مجھے

جو طے نہیں ہے وہی شدہ لگے ہے مجھے

یہ زندگی تو کوئی حادثہ لگے ہے مجھے

کسی کی زلفِ پریشاں سے چاک داماں تک

غرض جنوں کا وہی سلسلہ لگے ہے مجھے

وہ شخص جس نے ہزاروں ستم کیے ایجاد

کہیں سے وہ بھی ستایا ہوا لگے ہے مجھے

مِرا ہی عکس دکھاتا ہے رو برو مجھ کو

یہ آدمی تو کوئی آئینہ لگے ہے مجھے

مجھے بڑی سے بڑی آفتیں قبول، مگر

گھڑی گھڑی کا تماشا بڑا لگے ہے مجھے

تِری پہاڑ سی عظمت کو دیکھ کر تاباں

مِرا وجود بھی اک نقشِ پا لگے ہے مجھے


نہال تاباں

No comments:

Post a Comment