عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
صد شکر مدینے کی ہے خیرات مسلسل
یہ ابرِ کرم برسا ہے دن رات مسلسل
وہ حکمِ خدا ہے جو کہا میرے نبیﷺ نے
ملتی رہی امت کو یہی بات مسلسل
مانگے بنا سر اپنا رکھو ان کے جو درپر
ملتی ہی رہے گی تمہیں خیرات مسلسل
میں ابرِ کرم مانگ کے چپ چاپ کھڑی تھی
پھر لطفِ عطا کی ہوئی برسات مسلسل
وہ حشر میں لاتے رہے اعمال مِرے پاس
میں سامنے رکھتی رہی اک نعت مسلسل
بخشش کا طریقہ بھی بہت سہل ملا ہے
ان پر جو پڑھیں مل کے مناجات مسلسل
ناموس رسالت میں اگر جسم کٹے تو
کہنا کہ ملی ہے مجھے سوغات مسلسل
جب شہرِ مدینہ سے پلٹنے کا میں سوچوں
بہتے ہیں مِری آنکھ سے جذبات مسلسل
یہ نام ہما ان ہی کی نسبت سے جڑا ہے
سو آنے لگے مجھ پہ بھی صدمات مسلسل
ہما شاہ
No comments:
Post a Comment