Friday, 16 December 2016

نہ کسی اسم نہ منتر سے نہ جادو سے ہوئی

نہ کسی اسم نہ منتر سے نہ جادو سے ہوئی
بادِ محبوس روانہ تِری خوشبو سے ہوئی
اے سمندر! مجھے نا چیز سمجھنے والے
تِری تفہیم ہوئی تو مِرے آنسو سے ہوئی
اے خدا! مجھ کو بھی نسبت ہے تِری دنیا سے
وہی نسبت کہ جو درویش کو بچھو سے ہوئی
زلزلے آئیں گے ترتیب و توازن کے لئے
بر سرِ خاک اگر بھول ترازو سے ہوئی
ورنہ میں دشت میں استاد کہاں سے لاتا
شکر کرتا ہوں وحشت رمِ آہو سے ہوئی
یا مِری پیاس کو اک بوند سے تسکین ملی
یا شبِ تار میں کچھ روشنی جگنو سے ہوئی
پھول تصویر ہوا تو مِرے لہجے ہوا
تیغ ایجاد ہوئی تو مِرے بازو سے ہوئی
سائبانوں نے مجھے گھیر کے مارا شاہدؔ
جب مِری دوستی جھلساتی ہوئی لو سے ہوئی

شاہد ذکی

No comments:

Post a Comment