Thursday, 7 October 2021

دل میں کچھ درد سوا ہے یارو

 دل میں کچھ درد سوا ہے یارو

آج رونا بھی روا ہے یارو

سانس لیتا ہوں تو دم گُھٹتا ہے

کیسی بے درد ہوا ہے یارو

میں جو ہنستا ہوں تو رو دیتے ہیں

تم کو کیا آج ہوا ہے یارو

کس نے احساس کی دولت پائی

کون دیوانہ ہوا ہے یارو

اتنی ویران نہ تھیں یہ آنکھیں

ضبط کرنے کا صِلہ ہے یارو

اپنے دامن میں کوئی پھول نہیں

دل میں کانٹا سا چُبھا ہے یارو

خود پکارا اسے خود دوڑ پڑے

خوب گُنبد کی صدا ہے یارو


ایوب رومانی

No comments:

Post a Comment