Sunday, 25 August 2013

سامنے ہو کے دلنشیں ہوتا

سامنے ہو کے دلنشیں ہوتا
تُو بھی اے جانِ جاں یہیں ہوتا
تم بھی اکثر کہیں نہیں ہوتے
میں بھی اکثر کہیں نہیں ہوتا
زندگی اپنی جستجو ہے تری
تُو جو ہے جان، تُو کہیں ہوتا
دل سے بس ایک بات کہہ دیجیو
دل کا چاہا ہوا، نہیں ہوتا
تُو قیامت کا بے مروّت ہے
میں ترا ہمنشیں نہیں ہوتا
بات کرتے ہیں سنگِ در کی سبھی
کوئی خونیں جبیں نہیں ہوتا
کوئی بھی دل ربا و دل بر ہو
دل سے بڑھ کر حسیں نہیں ہوتا
جونؔ آغازِ مے گساری میں
نشہ ہوتا ہے، پھر نہیں ہوتا
تم نہیں چاہتے، مرا ہونا
چلو اچھا ہے، میں نہیں ہوتا

 جون ایلیا

No comments:

Post a Comment