Friday, 16 December 2016

کوئی منزل ہے محبت کی نہ جادہ میرا

کوئی منزل ہے محبت کی نہ جادہ میرا

مجھ سے کیا پوچھ رہے ہیں وہ ارادہ میرا 

جس کو قسمت کرے محروم خوشی کیا اسکی 

کیوں اڑاتے ہو مذاق اور زیادہ میرا 

پُرسکوں رات کی تنہائی نہ دن کے لمحے 

دھوپ نے چھین لیا مجھ سے لبادہ میرا 

مۓ کدہ چھوٹ گیا جانے کہاں ہے ساقی 

دورِ ساغر ہے نہ مشرب ہے نہ بادہ میرا 

سب کے سب رنج و الم جھونک دیا کرتے ہیں 

دل نہ رہ پائے گا اے دوست کشادہ میرا 

غیر مت جان کہ مستغنئ دنیا ہوں میں 

بات سیدھی سی ہے اسلوب ہے سادہ میرا 

کتنا مشکل ہے سمجھتا نہیں کوئی ناظرؔ 

ریگِ صحرا پہ سفر، وہ بھی پیادہ میرا 


عبداللہ ناظر 

No comments:

Post a Comment