Friday, 16 December 2016

اگرچہ عہد ملاقات کو زمانہ ہوا

اگرچہ عہدِ ملاقات کو زمانہ ہوا

تمہارے ہجر میں کیا کچھ نہ بیتی کیا نہ ہوا

دلِ حزیں میں کسک رہ گئی محبت کی 

یہ اور بات کہ اظہارِ مدعا نہ ہوا

ترس گیا میں تِری ایک جنبشِ لب کو 

قرار دینے کوئی لفظ بھی ادا نہ ہوا

اٹھا سکا نہ کوئی زندگی کا بوجھ مگر 

سنبھالنے کو اسے صرف میرا شانہ ہوا

مذاق بن گئیں پیشین گوئیاں تیری 

جو ہونا تھا ہُوا، لیکن تِرا کہا نہ ہوا

ہر ایک خوفزدہ تھا مگر تعجب ہے 

ہلاکِ برق و شرر میرا آشیانہ ہوا

اسی کو حاصلِ عمرِ رواں سمجھتا ہوں 

مِری جبین ہوئی، تیرا آستانہ ہوا

بھنور سے بچ کے چلی آئی ناؤ ساحل پر 

عذابِ قہرِ تلاطم تو اک بہانہ ہوا

ہزار درد و الم تھے، مگر غنیمت ہے 

کہ میرا دل کبھی افسردۂ دعا نہ ہوا

نہ پوچھ خانہ بدوشوں کی بود و باش کبھی 

جہاں ٹھہر گئے، ان کا وہیں ٹھکانہ ہوا

رفیقِ راہ بناتا میں اور کس کس کو 

تِرے سوائے کوئی جبکہ دوسرا نہ ہوا

خدنگِ ناز ترا کب نہیں چبھا دل میں 

نگاہِ یار خطا کب تِرا نشانہ ہوا

ملیں وہ مجھ سے تو شاید نہ ان کو پہچانوں 

ہوا جو ان سے تعارف تو غائبانہ ہوا

وفا شعاری پہ کہتی ہے بے وفا مجھ کو 

یہ کس بلا سے خدا جانے دوستانہ ہوا

میں جس قدر ہُوا آمادۂ لطف پر ناظرؔ 

سلوک اور بھی کچھ اس کا جارحانہ ہوا


عبداللہ ناظر 

No comments:

Post a Comment