Monday, 19 December 2016

شام آئی صحن جاں میں خوف کا بستر لگا

شام آئی صحنِ جاں میں خوف کا بستر لگا
مجھ کو اپنی روح کی ویرانیوں سے ڈر لگا
ایک لمحے کی شرارت تھی کہ ہر لمحہ مجھے
آپ اپنی سمت سے آتا ہوا پتھر لگا
دھند سی پھیلی ہوئی تھی آسماں پر دور تک
موجۂ ریگِ رواں مجھ کو تِرا پیکر لگا
خانۂ دل کو سجانا بھی ہے اک شوقِ فضول
کون جھانکے گا یہاں یہ آئینے باہر لگا
جاگنے والوں کی بستی سے گزر جاتے ہیں خواب
بھول تھی کس کی مگر الزام راتوں پر لگا
خامشی کی چار دیواری بھی شاید گر چکی
آج جانے کیا ہوا وہ شخص بھی بے گھر لگا

شمیم حنفی

No comments:

Post a Comment