یہ وادی کشمیر ہے جنت کا نظارہ
ہر چہرہ یہاں چاند تو ہر ذرہ ستارہ
یہ وادئ کشمیر ہے، جنت کا نظارہ
ہنستی ہیں جو کلیاں تو حسِیں پھول ہیں کھِلتے
ہیں لوگ یہاں جیسے اُتر آئے فرشتے
ہر دل سے نکلتی ہے یہاں پیار کی دھارہ
یہ وادئ کشمیر ہے، جنت کا نظارہ
یہ چوٹیاں برفوں کی ہیں آزادی کا پرچم
ہنستی ہیں غلامی پہ یہ انسان کی ہر دَم
دیتی ہیں یہ آکاش کو باہوں کا سہارہ
یہ وادئ کشمیر ہے، جنت کا نظارہ
دن رات، ہوا ساز بجاتی ہے سہانے
ندیوں کے لبوں پر ہیں محبت کے ترانے
مستی میں ہے ڈُوبا ہوا، بے ہوش کنارہ
یہ وادئ کشمیر ہے، جنت کا نظارہ
یہ جلوۂ رنگیں ہے کسی خواب کی تعبیر
یا پھولوں میں بیٹھی ہوئی دلہن کی ہے تصویر
یا تھم گیا چلتا ہوا پریوں کا شکارہ
یہ وادئ کشمیر ہے، جنت کا نظارہ
ہر چہرہ یہاں چاند تو ہر ذرہ ستارہ
یہ وادئ کشمیر ہے، جنت کا نظارہ
جی ایل راؤل
No comments:
Post a Comment