Monday, 17 January 2022

خود اپنے جرم کا مجرم کو اعتراف نہ تھا

 خود اپنے جرم کا مجرم کو اعتراف نہ تھا

مگر یہ جذبہ بنامِ جنوں معاف نہ تھا

پگھل تو سکتا ہے لوہا نگاہِ عزم تو ہو

یہ پہلے قید کی دیوار میں شگاف نہ تھا

حسد کی گرد تھیں بغض اور نفرت کی

مِرے وجود پہ ایسا کوئی غلاف نہ تھا

الجھ رہے ہیں بہت لوگ میری شہرت سے

کسی کو یوں تو کوئی مجھ سے اختلاف نہ تھا

تِرے جمال سے محفل میں اب سکون سا ہے

وگرنہ ذہن کسی کا کسی سے صاف نہ تھا

مِرا نصیب کہ کشتی کنارے لگ نہ سکی

ہوا کا جھونکا تو ویسے مِرے خلاف نہ تھا

جدید لہجہ یہ انداز کس لیے بیکل

تجھے تو حسن روایت سے انحراف نہ تھا 


بیکل اتساہی

No comments:

Post a Comment