Tuesday, 15 February 2022

ہر سمت ہے بہار محمد کے نام سے

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


ہر سمت ہے بہار محمدﷺ کے نام سے

ہے زیست پر وقار محمدﷺ کے نام سے

ان پر درودِ پاک بھلا کیوں نہ میں پڑھوں

ملتا ہے جو قرار محمدﷺ کے نام سے

دنیائے رنگا رنگ سے پھر اس کو کیا غرض

ہوتا ہے جس کو پیار محمدﷺ کے نام سے

حق کی عبودیت کا دیا جس گھڑی پیام

روشن ہوا دیار محمدﷺ کے نام سے

روزِ جزا میں ہوں گے پریشان جب سبھی

بیڑہ لگے گا پار محمدﷺ کے نام سے

پُر نور چہرہ لگتا ہے ذکرِ حبیبﷺ سے

آ جاتا ہے نکھار محمدﷺ کے نام سے

منہ کو چھپائے پھرتی ہےاب تیرگی عظیم

دنیا ہے نور بار محمدﷺ کے نام سے


عظیم انصاری

No comments:

Post a Comment