Saturday, 5 February 2022

کہیں چراغ بجھانا پڑا کہ میں بھی ہوں

 کہیں چراغ بجھانا پڑا کہ میں بھی ہوں

کہیں پہ خود کو جلانا پڑا کہ میں بھی ہوں

مِرے گلے میں جو ڈالا مِرے حریفوں نے

مجھے وہ ڈھول بجانا پڑا کہ میں بھی ہوں

تِری عطا وہ تجسس ہے جس کے بڑھنے پر

تجھے بھی طور پہ آنا پڑا کہ میں بھی ہوں

وہ بار بار مجھے بھولتا تھا اور مجھے

یہ بار بار بتانا پڑا کہ میں بھی ہوں

سنا تھا آئیں گے محفل میں دل دریدہ لوگ

مجھے بھی زخم دکھانا پڑا کہ میں بھی ہوں

وہاں پہ خود کو دِکھایا جہاں میں تھا ہی نہیں

کہیں یہ سچ بھی چھپانا پڑا کہ میں بھی ہوں

میں مانتا ہوں کہ خاموش ہے مگر تو ہے

مجھے تو شور مچانا پڑا کہ میں بھی ہوں

حسن ہے اتنا ضروری وجود کا اظہار

ہوا کو پیڑ ہلانا پڑا کہ میں بھی ہوں


احتشام حسن

No comments:

Post a Comment