Friday, 4 February 2022

چاند روٹھا تو سیہ رات کا مطلب سمجھے

 سب چراغوں کی ہدایات کا مطلب سمجھے

چاند روٹھا تو سیہ رات کا مطلب سمجھے

اس پہ اترے تھے محبت کے صحیفے لیکن

ایک کافر کہاں تورات کا مطلب سمجھے

کون رہ رہ کے وفاؤں کو نبھانا سیکھے

کون فرسودہ روایات کا مطلب سمجھے

اس سے پہلے تو دعاؤں پہ یقیں تھا کم کم

تُو نے چھوڑا تو مناجات کا مطلب سمجھے

جب وہ بھر بھر کے لٹاتا رہا اوروں پہ خلوص

ہم تہی دست عنایات کا مطلب سمجھے

اب کسی اور طرف بات گھمانے والے

میں سمجھتی ہوں تِری بات کا مطلب، سمجھے

تجھ کو بھی چھوڑ کے جائے تِرا اپنا کوئی

تُو بھی اک روز مکافات کا مطلب سمجھے


کومل جوئیہ

No comments:

Post a Comment