Thursday, 14 April 2022

کہیں منزل کہیں رستہ پرانا چھوٹ جاتا ہے

کہیں منزل کہیں رستہ پُرانا چُھوٹ جاتا ہے

سفر میں زیست کے منظر سُہانا چھوٹ جاتا ہے

رقابت کا سبب بنتا ہے اکثر روز کا ملنا

ذرا سی بات پہ ملنا ملانا چھوٹ جاتا ہے

بہت افسوس ہوتا ہے ضعیفی میں بزرگوں کو

جواں بیٹے کا جب مضبوط شانہ چھوٹ جاتا ہے

یہی دستورِ فطرت ہے خزاں کے دور میں اکثر

شجر کے ہاتھ سے پتا پرانا چھوٹ جاتا ہے

سمجھ لیجے اجل کا ہمسفر ہے وہ بشر اب تو

بہت پہلے سے جس کا آب و دانا چھوٹ جاتا ہے

سفر میں ہمسفر مل جائے جس کو چاند کا ٹکڑا

پھر اس سے دوست کیا سارا زمانہ چھوٹ جاتا ہے

متاعِ دہر پر اے نصر! اتنا ناز کیا کرنا

عدم کی راہ میں سارا خزانہ چھوٹ جاتا ہے


نصراللہ نصر

No comments:

Post a Comment