Sunday, 4 June 2023

دل کا موسم ہے عجب تجھ سے ملاقات کے بعد

دل کا موسم ہے عجب تجھ سے ملاقات کے بعد

جیسے جلتا ہوا جنگل کوئی برسات کے بعد

تلخیٔ ہجر کا افسانہ سنانے کے لیے

کتنی راتیں ہیں ترے قرب کی اک رات کے بعد

پہلی بار آئینہ سچ بول رہا ہو جیسے

اپنی پہچان ہوئی تجھ سے ملاقات کے بعد

ہم تو سمجھے تھے اسے دشمن دل قاتل جاں

کیا کہیں بدلی ہوئی صورت حالات کے بعد

روبرو تیرے زباں پر تو نہ لائے لیکن

ہم نے سوچیں کئی باتیں تری ہر بات کے بعد

دل نے طے کی ہے رفاقت کی یہ منزل تنہا

ہوش تو چھوڑ گیا ساتھ ترے ساتھ کے بعد


نسیم نیازی اکبرآبادی

No comments:

Post a Comment