نعت رسول مقبولﷺ
خدا کے بعد جہاں میں حضورﷺ کا دم ہے
انہی کے لطف سے ہم پر کرم کا عالم ہے
وجودِ حضرتِ آدمؑ ظہور میں آیا
مِرے رسولؐ کے دم سے ہی سارا عالم ہے
بفیضِ سرورِ عالمﷺ ہے رونقِ ہستی
انہی کی موجِ کرم کے وفور کے صدقے
رواں حیات میں اپنی سبیلِ زم زم ہے
انہی کے نقشِ کفِ پا کی دھول ہے ساری
یہ کہکشاں کا فلک پر بنا جو پرچم ہے
علاجِ غم ہے فقط ذکرِ مصطفٰیﷺ و علی
انہی کی یاد ہی زخموں کا میرے مرہم ہے
درودِ پاک ہے لب پر میں لکھ رہا ہوں نعت
انہی کی یاد ہے آنکھوں میں جو مِری نم ہے
اسی سے کھلتے ہیں عقدے ہر ایک مشکل کے
کہ اسمِ سرورِ عالمﷺ ہی اسمِ اعظم ہے
جدا کہوں بھی تو کیسے خدا کی ذات سے یہ
یہی تو نام ہے جو اس کے نام سے ضم ہے
تبسم نواز
No comments:
Post a Comment