تم مجھے اپنا بناؤ یہ ضروری تو نہیں
اپنے دل میں بھی بساؤ یہ ضروری تو نہیں
میری راحت اور سکوں کا تم سے ہے گر واسطہ
زندگی میں میری آؤ یہ ضروری تو نہیں
تم جیو ہر پل خوشی سے زندگی پیکر جمال
ہر کوئی خوش باش پاؤ یہ ضروری تو نہیں
میں تمہیں جو چاہتا ہوں وہ ضرورت ہے مِری
تم بھی اب الفت جتاؤ یہ ضروری تو نہیں
ساتھ جب تم دے نہ پائے رک گیا میرا سفر
میرے بن تم چل نہ پاؤ یہ ضروری تو نہیں
تم تصوّر میں میری مسکان بن کر آئے ہو
سنگ میرے مسکراؤ یہ ضروری تو نہیں
غم خوشی یا دھوپ چھاؤں، زندگی کے روپ ہیں
پیار کا موسم ہی پاؤ یہ ضروری تو نہیں
بدلے رُخ سے آج موسم میں ہے تبدیلی خیال
تم کسی سے دل لگاؤ یہ ضروری تو نہیں
اسماعیل اعجاز خیال
No comments:
Post a Comment