Thursday, 7 October 2021

مرحبا صد مرحبا آمد شہ ذیشان کی

 مرحبا صد مرحبا آمد شہِ ذیشانﷺ کی

آپ کے آنے سے عزت بڑھ گئی انسان کی

آپ نے باتیں بتائیں سب کو ہیں رحمان کی

آپ سے اُمت کو ہے نعمت ملی قرآن کی

دونوں عالم میں بہاریں آپ کے فیضان کی


آپ ہیں اللہ کے محبوب اے پیارے نبیﷺ

خواب میں پائی بشارت حضرتِ حسرت نے تھی

آپ کا جلوہ جو دیکھا، کھل گئی دل کی کلی

آج بھی تاریخ میں ہے قولِ حسرت موہانی یہی

آپ نے دی تھی بشارت ملک پاکستان کی


آپ کا احسان ہے بے شک ہر اک انسان پر

چشمِ رحمت آپ کی ہو اپنے پاکستان پر

ہم عمل کرتے رہیں سنت پر اور قرآن پر

گر عدو حملہ کرے، ہم کھیل جائیں جان پر

آپﷺ کی الفت جو ہے، بنیاد ہے ایمان کی


آپ ہی بدرالدجیٰ ہیں، آپ ہی نورالہدیٰ

ذکر بے شک آپ کا ،اللہ نے اونچا کیا

گلشن ہستی میں آقاﷺ پھول کی ہے التجا

ہم پہ رحمت کی نظر، لطف و کرم کا در ہو وا

آپ ہی سے پائیں گے تسکین قلب و جان کی


تنویر پھول

No comments:

Post a Comment