Saturday, 1 January 2022

غم کہیں سمت سفر تھی راہبر کوئی نہ تھا

 غم کہیں سمت سفر تھی راہبر کوئی نہ تھا

ایک صحرائے الم تھا ہمسفر کوئی نہ تھا

اس کو بھی ہم نے یہی سمجھا تماشا ہے کوئی

جب کھلیں آنکھیں نشانِ سنگِ در کوئی نہ تھا

وقت ہم کو ٹھوکروں پر ٹھوکریں دیتا رہا

اور اپنے ہاتھ میں تیر و تبر کوئی نہ تھا

قریۂ بیداد خواہاں کی شکایت ہے عبث

شہر ہمدرداں میں بھی تو چارہ گر کوئی نہ تھا

دھجیاں اڑتی رہیں جیب و گریباں کی مِرے

روک دیتا بزم میں آشفتہ سر کوئی نہ تھا

میرے رازوں میں نہ کوئی راز باقی رہ گیا

ہم نشینوں میں مِرے نا معتبر کوئی نہ تھا

اس لیے ہم نرگسِ بیمار کے قائل ہوئے

اس کے جیسا بھی چمن میں دیدہ ور کوئی نہ تھا

دل کے زخموں کو عطا کرنا تھا لفظوں کا لباس

اور اظہر مقصدِ عرضِ ہنر کوئی نہ تھا


اظہر غوری

No comments:

Post a Comment