Friday, 9 June 2023

بھر تو دے موت ذرا عمر کے پیمانے کو

 بھر تو دے موت ذرا عمر کے پیمانے کو

وقت لکھے گا لہو سے مِرے افسانے کو

دُشمنِ جاں ہی سہی راہبرِ منزل نہ سہی

روشنی موت دِکھاتی رہی پروانے کو

غم غلط ہوتے تھے میخانے میں کل رات کی بات

موجِ غم آج بہا لے گئی مے خانے کو

دست ہمت کی ہے توہین دعا کیا کرتا

عار سمجھا کیا تقدیر بدلوانے کو

پاؤں سے ان کے نکلتے ہوئے دیکھی ہے زمیں

ہاتھ سے رکھ بھی نہ پائے تھے جو پیمانے کو

راہ تدبیر میں حائل ہو تو کعبہ ڈھا دیں

آج سینے سے لگائے ہیں جو بُت خانے کو

کوشش ضبط نے چہرے کی بدل دی رنگت

کس نے روکا تھا ستم کر کے تڑپ جانے کو

اب یہ قسمت کہ رہوں ذوقِ عمل سے محروم

سر پہ آنکھوں پہ رکھا آپ کے فرمانے کو

کچھ جنوں نے بھی تماشائے خبر دیکھ لیا

کتنے دیوانے بنے دیکھ کے دیوانے کو


نجم آفندی

میرزا تجمل حسین

No comments:

Post a Comment