Wednesday, 19 January 2022

نیند اور مسرت سے خالی کوئی رات

 Crackle


نیند اور مسرت سے خالی کوئی رات

سرائے میں لائی جانے والی عورتیں

ممکنہ لذت کی تخمینہ کاری میں ضائع کر دیتی ہیں

غیر آمادگی پر افسوس

بہتان کا خوف

سپیدی پھوٹنے کا بین

انہیں جلد بہت بے کار بنا دے گا

دھوپ اور ملامت سے خالی کوئی دن

کساد بازاری کا دن ہو سکتا ہے

حشیش کے کھیتوں سے بے دخل کیے جانے کا دن

وہ دن، محاصرے کا دن ہو سکتا ہے

جو ان کے سینوں کو زیادہ فحش اور محدب کر دیتا ہے

شائستہ عورتوں سے جنسی آمیزش کی توقع

ظاہر ہے، ان کے جسم، برافروختہ نہیں

ارتعاش انگیزی کے لیے غیر مستعد

اور ان کے بستر

خیر سگالی کے عادی نہیں

لینوس! تم نہیں جانتے، ایسی عورتیں

خود آزار پسند یا پھر سخت ہذیان گو ہوتی ہیں

ایک ماتم خیز اعلان؛ یہ بھی نہیں جانتے

بد بختو! نمک کے طوفاں نے آ لیا

لوٹ جاؤ

اپنے آبائی گھروں کی جانب

جہنمی قصبوں کی جانب

دیوتاؤں کے نام اور ان کی 

موت پر لکھی گئی نظمیں دہراتے

معبدوں کے راکھ دانوں سے اپنے اعضاء نکالو

واپس کرو

مستعار زرہیں اور بوسے

فراوانی کے دن یہیں ختم ہوئے

عیش و نخوت کے بیمارو! سبک خرامی دکھاؤ

اور اپنی رُسوا پشتیں

اپنی راتیں، چھوڑ جاؤ

سرائے کی باسی چادروں میں

نیند اور مسرت سے خالی


حسن علوی

No comments:

Post a Comment