Wednesday, 7 June 2023

میں لب کشا نہیں ہوں اور محو التجا ہوں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


میں لب کشا نہیں ہوں اور محوِ التجا ہوں

میں محفلِ حرم کے آداب جانتا ہوں

کوئی تو آنکھ والا گزرے گا اس طرف سے

طیبہ کے راستے میں، میں منتظر کھڑا ہوں

ایسا کوئی مسافر شاید کہیں نہ ہو گا

دیکھے بغیر اپنی منزل سے آشنا ہوں

یہ روشنی سی کیا ہے خوشبو کہاں سے آئی

شاید میں چلتے چلتے روضے تک آ گیا ہوں

دوری و حاضری میں اک بات مشترک ہے

کچھ خواب دیکھتا تھا کچھ خواب دیکھتا ہوں

طیبہ کے سب بھکاری پہچانتے ہیں مجھ کو

مجھ کو خبر نہیں تھی میں اس قدر بڑا ہوں

اقبال! مجھ کو اب بھی محسوس ہو رہا ہے

روضے کے سامنے ہوں اور نعت پڑھ رہا ہوں


اقبال عظیم 

No comments:

Post a Comment