Wednesday, 2 December 2020

ایسا لگتا ہے مخالف ہے خدائی میری

 ایسا لگتا ہے مخالف ہے خدائی میری

کوئی کرتا ہی نہیں کھل کے برائی میری

مجھ میں مدفون بڑے شہرِ معانی تھے مگر

دور تک کر نہ سکا وقت خدائی میری

بے صدا شہر تھا خاموش تھے گلیوں کے مکیں

ایک مدت مجھے آواز نہ آئی میری

خیر خواہی کا رہا یوں تو سبھی کو دعویٰ

چاہتا بھی تو کوئی دل سے بھلائی میری

شب کی دہلیز پہ قزاق ضرورت تو نہیں

چھین لیتا ہے جو دن بھر کی کمائی میری

کچھ مرے علم نے بھی مجھ کو فضیلت بخشی

فن سے نسبت نے بھی توقیر بڑھائی میری

مجھ کو مجھ تک ہی نہ محدود سمجھنا سیفی

لا مکاں سے بھی پرے تک ہے رسائی میری


بشیر سیفی

No comments:

Post a Comment