عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
درِ حسن کی آرزو، اللہ اللہ
ہے روضہ میرے روبرو، اللہ اللہ
یہ شہرِ مدینہ، یہی سبز گنبد
ہے اک مرکزِ رنگ و بو، اللہ اللہ
یہ صحنِ حرم اور روضے کی جالی
نگاہیں بھی ہیں با وضو، اللہ اللہ
وہ جس کی ضیا سے منور ہے عالم
وہی نور ہے روبرو، اللہ اللہ
گلستانِ فردوس جن سے خجل ہیں
یہاں ہیں وہ گُلِ مُشکبو، اللہ اللہ
یہ کلیوں کی خوشبو یہ پھولوں کا خندہ
خیاباں کا جوشِ نمو، اللہ اللہ
مسخّر ہیں شمس و قمر جن کی خاطر
وہی رحمتیں چار سُو، اللہ اللہ
کھلے ہیں یہاں عام میزابِ رحمت
ہے قطرہ بھی اک آبجو، اللہ اللہ
ملا آفتابِ رسالتﷺ کا سایہ
یہ ذرے کی ہے آبرو، اللہ اللہ
مقاماتِ عشق و وفا کے امیں ہیں
مدینے کے سب کاخ و کو، اللہ اللہ
زباں پر ثناء و سلام و ستائش
مِرا حاصلِ گفتگو، اللہ اللہ
عبدالکریم ثمر
No comments:
Post a Comment