Tuesday, 3 August 2021

کون کہتا ہے فقط زر سے الٹ سکتی ہے

 کون کہتا ہے فقط زر سے اُلٹ سکتی ہے

تیری دستار مِرے ڈر سے الٹ سکتی ہے

موسیٰ فرعون کے گھر رہ کے پلے ہیں جیسے

تیری فرعونی، تِرے گھر سے الٹ سکتی ہے

ساری دنیا بھی جو بن جائے یزیدی لشکر 

یہ سِپہ صرف بہتّر سے الٹ سکتی ہے

تُند رو موج سے بچ بچ کے نکلنے والے

تیری کشتی کبھی اندر سے الٹ سکتی ہے

ٹوکری ایسے بھری ہے کہ نہیں گنجائش

اب تو یہ ایک گلِ تر سے الٹ سکتی ہے

جس کے کردار میں تم کھوئے ہوئے رہتے ہو

وہ کہانی نئے منظر سے الٹ سکتی ہے


عرباض عرضی

No comments:

Post a Comment