Sunday, 5 December 2021

اب حویلی میں اسے ڈھونڈنے تو جاؤ گے

 اب حویلی میں اُسے ڈھونڈنے تو جاؤ گے

وہ اگر مل بھی گیا تم کہیں کھو جاؤ گے

خالی کمرے میں وہ تصویر دکھائی دے گی

تم جسے دیکھ کے چپ چاپ ہی سو جاؤ گے

پرورش غم کی اگر ہوتی رہی سینے میں

بوجھ تخلیق کا آسانی سے ڈھو جاؤ گے

عشق کی جادوگری سے نہیں بچتا کوئی

ایک دن دیکھنا تم بھی مِرے ہو جاؤ گے

خواب میں جاگتے رہنے کا مزا ہے کچھ اور

نیند تو آنے دو آرام سے سو جاؤ گے

در و دیوار کو پھر کون سنبھالے گا ظہور

تم تو کچھ دیر یہاں بیٹھ کے رو جاؤ گے


ظہور چوہان

No comments:

Post a Comment