Thursday, 12 August 2021

ابھی تو ہاریوں کی بیویاں بکتی ہیں قرضوں میں

 ابھی تو ہاریوں کی بیویاں بِکتی ہیں قرضوں میں

ابھی تک بیٹیوں کی عزتیں بٹتی ہیں ٹکڑوں میں

چلو یارو! بیابانوں میں کنجِِ عافیت ڈھونڈیں

درندے دندناتے پھر رہے ہیں سارے شہروں میں

زمانے بھر میں اس جیسا تہی داماں کوئی ہو گا؟

کہ جس نے بیچ دی اپنی حمیّت چند سکوں میں

ابھی ہے درد کی دولت سے مالا مال دل اپنا

ہزاروں تیر ہیں باقی رفیقوں کی کمانوں میں

بڑا محتاط رہ کر قصۂ ایام لکھتا ہوں

نہ تیرا ذکر آ جائے کہیں میرے فسانوں میں

لب و عارض، وصال و ہجر کی شیرینیاں عنقا

زمانے بھر کی تلخی بھر گئی ہے میرے لفظوں میں


یعقوب آسی

No comments:

Post a Comment