Tuesday, 8 March 2022

تخیلات کی اونچی اڑان سے پہلے

 تخیلات کی اونچی اڑان سے پہلے

تھکن کا خوف نکالیں گے دھیان سے پہلے

اسی لیے ہی تو روزی کشادہ تھی ان کی

پرندے جاگ گئے تھے اذان سے پہلے

کسی کے گھر میں اگر آگ تم لگاؤ گے

دھواں اٹھے گا تمہارے مکان سے پہلے

تمام عمر مجھی سے وہ بد گمان رہا

یقین جس کا کیا تھا گمان سے پہلے

اسی نے تجھ کو عطا کی ہے تاب گویائی

خدا کا شکر ادا کر زبان سے پہلے

نشانہ ٹھیک سے کیسے لگاؤ گے مجھ پر

نکالو خوف کی لرزش کمان سے پہلے


صدیق اکبر

No comments:

Post a Comment