زیست میں اعتدال رہنے دے
زندگی کو بحال رہنے دے
رزق کم ہے تو کوئی بات نہیں
اہلِ فن میں کمال رہنے دے
میں وضاحت طلب نہیں کرتا
تُو بھی اپنے سوال رہنے دے
صاحبِ حال بن ارے واعظ
چھوڑ یہ قیل و قال رہنے دے
آخری بُت ہے مت گرا اس کو
بُت گری کی مثال رہنے دے
دوستی ہے پرندوں سے میری
تُو مِری دیکھ بھال رہنے دے
خود کو عمران اپنی حد میں رکھ
کوئی تازہ وبال رہنے دے
عمران مفتی
No comments:
Post a Comment